کاروار، 16 / نومبر (ایس او نیوز) ملکی سالمیت اور سلامتی سے متعلقہ کئی اہم منصوبے ضلع شمالی کینرا میں موجود ہونے کی وجہ سے یہاں پر ملکی اور ریاستی سطح کی مختلف خفیہ تحقیقاتی ایجنسیاں سرگرم رہتی ہیں مگر ان کے درمیان کوئی مستحکم آپسی تال میل نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے معاملات میں بیک وقت اور موثر کارروائی انجام دینے میں مشکل پیش آتی ہے ۔
ضلع میں اس وقت ہنی ٹریپنگ، اسمگلنگ، حساس علاقوں میں ڈرون کا استعمال، غیر قانونی طور پر بسنے والی غیر ملکی باشندوں کی تلاش سمیت دیش مخالف سرگرمیوں سے متعلقہ معاملات بھی مسئلہ بنے ہوئے ہیں ۔ چونکہ مختلف قسم کے مسائل سے نمٹنے یا ان کی تحقیق کرنے کے لئے ملکی اور ریاستی سطح کی الگ الگ خفیہ ایجنسیاں اپنے اپنے طور پر کام کرتی ہیں اور ایک دوسرے کےساتھ معلومات کا تبادلہ نہیں کیا جاتا اور مشترکہ کارروائی کا کوئی نظام نہیں ہے، اس وجہ سے بعض معاملوں میں موثر کارروائی ممکن نہیں ہوتی ۔
اس مسئلے کو حل کرنے کے مقصد سے ضلع ایس پی ایم نارائین نے کوسٹل سیکیوریٹی پولیس، نیول انٹلی جنس، انٹلی جنس بیورو وغیرہ ایک مشترکہ میٹنگ منعقد کی ۔ اس میٹنگ میں ضلع کے اندر غیر قانونی کارروائیوں، دیش مخالف سرگرمیوں، اسمگلنگ اور دیگر امن و امان اور ملکی سلامتی میں خلل ڈالنے والی سرگرمیوں پر روک لگانے اور ضلع میں حفاظتی نظام کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے آپسی تال میل اور اعتماد کے ساتھ مشترکہ طور پر بیک وقت ضروری اقدامات کرنے پر غور و خوض کیا گیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ سی برڈ منصوبے کے بحری اڈہ قائم ہو کر 22 سال کا عرصہ گزر گیا لیکن ابھی تک مقامی پولیس کے ساتھ نیول انٹلی جنس سمیت دیگر تمام خفیہ ایجنسیوں کی کوئی بھی مشترکہ میٹنگ منعقد نہیں کی گئی تھی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اب ضلع ایس پی ایم نارائین نے یہاں کے حساس معاملوں کو دیکھتے ہوئے تمام تحقیقاتی اور خفیہ ایجنسیوں کو اعتماد میں لینے کا جو اقدام کیا ہے، وہ مستقبل میں قومی سلامتی اور امن و امان کے نقطہ نظر سے بڑا سود مند ہوگا ۔